پاکستان

پاکستانی فوج کی افغان سرحد پر جانی نقصان کی تصدیق، طالبان کی چوکیاں اُڑانے کا دعویٰ

اکتوبر 12, 2025

پاکستانی فوج کی افغان سرحد پر جانی نقصان کی تصدیق، طالبان کی چوکیاں اُڑانے کا دعویٰ

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران پاکستان آرمی کے 23 اہلکار جان سے گئے، جبکہ 29 زخمی ہوئے۔

اتوار کو راولپنڈی میں آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’افغانستان میں ہونے والے نقصان قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اور نقصان کے تخمینے کے مطابق 200 سے زیادہ طالبان اور ان کے اتحادی دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔‘

بیان کے مطابق ’پاکستان طالبان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری اور قابلِ تصدیق اقدامات کرے تاکہ ان کے علاقے سے سرگرم دہشت گرد گروہوں، بشمول فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش، کو غیر مؤثر بنایا جا سکے۔ بصورتِ دیگر پاکستان اپنے عوام کے دفاع کے لیے دہشت گرد اہداف کو مسلسل نشانہ بناتا رہے گا۔‘

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’افواجِ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے دشمن کے حملے کو بھرپور انداز میں پسپا کیا۔ سرحد کے مختلف مقامات پر دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا۔ جوابی کارروائی میں افغان سرزمین پر موجود طالبان کیمپوں، دہشت گرد تربیتی مراکز اور معاون نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا، جن میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش سے منسلک عناصر شامل تھے۔‘

’ان مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ افغان سرحد کے اس پار دشمن کے 21 ٹھکانوں پر عارضی قبضہ بھی حاصل کیا گیا۔ دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والے کئی تربیتی کیمپ بھی ناکارہ بنا دیے گئے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے