پاکستان

اسلام آباد کچہری کے گیٹ پر خودکش دھماکہ، 12 ہلاکتیں

نومبر 11, 2025

اسلام آباد کچہری کے گیٹ پر خودکش دھماکہ، 12 ہلاکتیں

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں ضلع کچہری کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔

منگل کو دھماکے کے بعد جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ’دھماکہ خودکش تھا جو 12 بج کر 39 منٹ پر ہوا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آور اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا لیکن موقع نہ ملنے پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔

ضلع کچہری کے گیٹ پر خودکش حملے میں کم از کم 12 افراد مارے گئے جبکہ 27 زخمی ہیں.

عینی شاہد وکلا نے پاکستان24 کو بتایا کہ کار دھماکے کے بعد ایک شخص نے خود کو گیٹ پر دھماکے سے اڑایا جس کے جسم کے ٹکڑے دور تک بکھرے دیکھے گئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دن 12 بج کر 39 منٹ پر خودکش حملہ ہوا۔

مارے جانے والوں‌ میں ایک وکیل بھی شامل ہے.

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے ذمہ داری قبول کی ہے۔
ٹی ٹی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’غیر اسلامی قوانین کے تحت فیصلے دینے والے ججز، وکلاء اور دیگر حکام کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ٹی ٹی پی نے مزید حملوں کی دھمکی بھی دی ہے۔
منگل کی دوپہر اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 میں خودکش دھماکے کے بعد پولیس نے کچہری کو خالی کروا لیا اور عدالتیں بند کر دی گئیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکہ جی الیون میں واقع کچہری کے گیٹ کے عین سامنے ہوا، جس کے بعد علاقے کو سیل کر دیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو پمز منتقل کیا گیا.

اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے مطابق زوردار دھماکے کے بعد ایک کار آگ کے شعلوں میں لپٹی ہوئی نظر آئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے