پاکستان

پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے گیٹ پر خودکش حملے میں تین اہلکار مارے گئے

نومبر 24, 2025

پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے گیٹ پر خودکش حملے میں تین اہلکار مارے گئے

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹرز کے گیٹ پر خودکش حملے میں تین اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو میں سی سی پی او پشاور سعید نے بتایا کہ ’گیٹ پر موجود تین اہلکار خودکش حملے میں شہید ہوگئے۔ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جبکہ دو نے ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی لیکن ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ میں مارے گئے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ آٹھ بج کر 10 منٹ پر ہوا۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں کلیئرنس آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔
ابھی تک کسی بھی مسلح تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

حملے کے بعد سنہری مسجد روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کو صدر روڈ کی جانب موڑا گیا۔
دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت چھ دیگر زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا۔

ترجمان محمد عاصم نے کہا کہ اس وقت زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے