کھیل

کرکٹ آسٹریلیا کی پالیسی تبدیل، ’فری عمران خان‘ ٹی شرٹ والے تماشائی کو روکنے کے بعد اجازت

مارچ 27, 2026

کرکٹ آسٹریلیا کی پالیسی تبدیل، ’فری عمران خان‘ ٹی شرٹ والے تماشائی کو روکنے کے بعد اجازت

کرکٹ آسٹریلیا نے باضابطہ طور پر شائقین کو سابق پاکستانی کپتان عمران خان کی حمایت کرنے والی شرٹس پہننے کی اجازت دے دی ہے-

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے اپنا ہی فیصلہ تبدیل کیا ہے-
اس سے قبل رواں ہفتے کے آغاز پر ایک تماشائی کو اُس وقت میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکا گیا تھا جب معلوم ہوا کہ اس نے ایسی ٹی شرٹ پہن رکھی ہے جس پر عمران خان کی رہائی کے لیے نعرہ درج ہے-

یہ تنازع 26 مارچ 2026 کو جمعرات کے روز میلبرن کے جنکشن اوول میں شیفیلڈ شیلڈ کے فائنل کے دوران پیدا ہوا۔ ایک تماشائی جس کی شناخت لوک براؤن کے نام سے ہوئی ہے، کو ابتدائی طور پر سکیورٹی نے روکا اور بتایا کہ اس کی ’فری عمران خان‘ ٹی شرٹ کھیلوں کے مقامات پر سیاسی پیغامات پر پابندی کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتی ہے۔

روکے جانے کے بعد لوک براؤن کو سٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹی شرٹ پر ایک اور شرٹ پہن کر اسے ڈھانپنا پڑا، جس کے بعد سوشل میڈیا اور کرکٹ کی کمیونٹی میں بحث شروع ہو گئی۔

سڈنی مارننگ ہیرالڈ کو کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے بتایا کہ ’کرکٹ کمیونٹی میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے وسیع پیمانے پر تشویش کے پیش نظر، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک انسانی نوعیت کا مسئلہ ہے اور اسی کے مطابق کارروائی کریں گے۔‘

سنہ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان اور سابق پاکستانی وزیراعظم اگست 2023 سے جیل میں ہیں، جہاں وہ کرپشن اور ریاستی رازوں کے مقدمات میں دی گئی متعدد سزائیں بھگت رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان کی جیل حکام کی جانب سے عمران خان کے ساتھ سلوک کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی ہے، اور رپورٹس آئی ہیں کہ عمران خان کی بینائی میں کمی واقع ہو گئی ہے جس نے ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔

حال ہی میں سنیل گوواسکر اور گریگ چیپل سمیت کرکٹ کے 14 معروف کھلاڑیوں کے ایک گروپ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، جس میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش ظاہر کی گئی اور درخواست کی گئی کہ ان کے ساتھ ’عزت اور بنیادی انسانی اقدار‘ کے مطابق سلوک کیا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے