کھیل

’لارڈز میں ملکہ‘، مریم نواز کے بارے میں پوسٹ کے بعد کرکٹر نسیم شاہ تنقید کی زد میں

مارچ 27, 2026

’لارڈز میں ملکہ‘، مریم نواز کے بارے میں پوسٹ کے بعد کرکٹر نسیم شاہ تنقید کی زد میں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ مریم نواز کے بارے میں‌ ایکس پر پوسٹ کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں- اور ن لیگ سے وابستہ سوشل میڈیا ٹرولز اُن کی پشتون شناخت کے باعث افغانستان واپس بھیجنے کا مطالبہ کر رہے ہیں-

دوسری جانب نسیم شاہ کے ایکس ہینڈل سے پرانی ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے کہا گیا ہے کہ یہ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا جو اب ریکور کر لیا گیا ہے-

پاکستان کے سابق کرکٹرڈ باسط علی نے ایک ویڈیو بیان میں‌ کہا ہے کہ نسیم شاہ نے پنجاب کی وزیراعلٰی کے بارے جو ٹویٹ کی وہ نہیں کرنی چاہیے تھی- انہوں نے کہا کہ ’او بھائی! تمہارا کام ہے کرکٹ کھیلنا، تم وہ کھیلو، مریم نواز بطور چیف گیسٹ آئی تھیں، تمہارا اس سے کیا لینا دینا؟‘

گزشتہ رات پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پنجاب کی وزیراعلٰی مریم نواز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں‌ مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھیں- پاکسان کرکٹ بورڈ کے میڈیا ہینڈل سے ایکس پر اس تقریب کی ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی-

نسیم شاہ نے اس ویڈیو پر لکھا کہ ’اُن کو ایسے کیوں دکھایا جا رہا ہے جیسے ملکہ برطانیہ لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ آئی ہوں-‘

کرکٹ بورڈ میڈیا کے ایکس ہینڈل پر ویڈیو کے ساتھ بیان میں‌ لکھا گیا تھا کہ:
’پی ایس ایل 11 کے آغاز پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قذافی سٹیڈیم آمد جہاں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اُن کا خیرمقدم کیا-

وزیراعلی پنجاب کا پی ایس ایل 11 میں حصہ لینے والی ٹیمز کے مالکان سے تعارف کرایا گیا، اور انہوں نے پی ایس ایل 11 میں شریک تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا-

بیان میں‌ کہا گیا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز کا افتتاحی میچ کی دونوں ٹیموں حیدر آباد کنگز اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں سے بھی تعارف کرایا گیا-

سابق کپتان وسیم اکرم پی ایس ایل 11 کی ٹرافی گراونڈ میں لائے، افتتاحی میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا-
وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے افتتاحی میچ بھی دیکھا-

بیان کے مطابق سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب زیب، صوبائی وزراء سلمان رفیق، فیصل ایوب کھوکھر، ایڈوائزر علی ڈار، چیف سیکرٹری، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے