سکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی، شاہین آفریدی نہیں میں ذمہ دار ہوں: سکندر رضا
پاکستان سُپر لیگ میں سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی شکایت کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے شاہین شاہ افریدی کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش ہے-
پنجاب پولیس کی جانب سے پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کو بھیجے گئے خط میں دونوں کھلاڑیوں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے سنیچر کی رات غیرمجاز مہمانوں کو زبردستی سکندر رضا کے ہوٹل کے کمرے تک پہنچایا۔
اب سکندر رضا نے کہا ہے کہ وہ اپنے قریبی دوستوں سے ملنا چاہتے تھے جنہیں وہ 19 برس سے جانتے ہیں، اور شاہین آفریدی صرف اس ملاقات کو آسان بنانے میں اُن کی مدد کر رہے تھے۔
سکندر رضا نے پولیس حکام کے شاہین آفریدی کے رویے کے حوالے سے بیان کی تردید کی ہے۔
زمبابوے کے کرکٹر نے کہا کہ "شاہین نے کسی پر زبردستی نہیں کی، میرے دوست اور خاندان والے آئے تھے، اور میری درخواست پر شاہین نے انہیں [میرے کمرے تک آنے] میں مدد کی۔ اگر یہ ایس او پیز تھے [کہ مہمان ہمارے کمروں میں نہ آئیں] تو مجھے علم نہیں تھا، اور کسی حد تک شاہین آفریدی کو بھی علم نہیں تھا۔ یہاں قصوروار میں ہوں، شاہین نہیں۔ وہ میری درخواست پر نیچے گئے، کیونکہ یہ میرے قریبی خاندان کے افراد اور دوست تھے، میں انہیں بزنس سینٹر یا لاؤنچ میں نہیں ملنا چاہتا تھا۔ ہم اوپر 40 منٹ بیٹھے۔”
اتوار کو پولیس نے پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹور کو لکھا تھا جو سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا۔ اس خط میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں شاہین آفریدی اور سکندر رضا پر سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا-
خط میں پولیس حکام نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ باوجود اس کے کہ پی سی بی کی سکیورٹی اور اینٹی کرپشن مینیجر اور سلمان نصیر نے سکندر رضا کے کمرے میں مہمان بھیجنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، شاہین آفریدی اور سکندر رضا لوگوں کو کھلاڑی کے کمرے تک لے گئے۔
سکندر رضا کہہ رہے ہیں کہ وہ ان کے کمرے میں 40 منٹ رہے، جبکہ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے وہاں تقریباً تین گھنٹے گزارے۔
کرک انفو کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر سلمان نصیر سے تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا مگر اُن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
قلندرز کے سیٹ اپ کے اندر موجود ذرائع نے عموماً اس دورے کے حوالے سے وسیع تفصیلات کی تصدیق کی ہے، اگرچہ وہ اس پر اختلاف کرتے ہیں کہ دورے میں کسی بھی زبردستی داخل ہونے کا عنصر تھا۔
سکندر رضا نے کہا کہ "ہم [مہمان اور میں] پچھلے 19 سال سے دوست ہیں۔ میری بیوی اور بچے بھی مجھے دیکھنے آئیں گے۔ براہ کرم یہ نہ بھولیں کہ میرے خاندان والے اور رشتہ دار یہاں رہتے ہیں اور میں پورا سال انہیں نہیں دیکھ پاتا۔”

