لاہور میں ریپ، بدفعلی کی ویڈیو بنانے اور ڈکیتی کے واقعات، آٹھ مقدمات درج
لاہور میں خاتون سکیورٹی گارڈ سمیت تین لڑکیوں کو مبینہ طور پر ریپ کرنے کے الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ لڑکوں سے بدفعلی اور ویڈیو بنانے کی ایف آئی آرز بھی سامنے آئی ہیں- مقامی پولیس کو راوی روڈ پر موٹرسائیکل سوار پر کیمیکل پھینکنے اور ڈکیتی کے مقدمات درج کرانے کی درخواستیں بھی موصول ہوئی ہیں-
مقامی پولیس کے مطابق شادی کا جھانسہ دے کر سکیورٹی گارڈ خاتون کا مبینہ طور پر ریپ کرنے کے الزام میں فیصل ٹاؤن پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملوث ملزم کو موچی پورہ سے گرفتار کیا ہے-
متاثرہ خاتون ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر واقع نجی مال میں سکیورٹی گارڈ تھی جس کو سکیورٹی سپروائزر نے شادی کا جھانسہ دیا تھا-
متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے شادی پر اصرار کیا تو ملزم نے تشدد کا نشانہ بنایا اور تنخواہ کی رقم بھی رکھ لی-
ایس پی ماڈل ٹاؤن سے منسوب بیان کے مطابق ملزم زین کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے بعد جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے-
ایک اور واقعے میں روای روڈ کے علاقے میں تیزاب نما کیمیکل سے موٹرسائیکل سوار نے کار میں پھینک کر شہری کو نشانہ بنایا ہے-
درج کیے گئے مقدمے کے مطابق راوی روڈ کے علاقے میں پکی ٹھٹھی المتاز روڈ کا رہائشی محمد یعقوب اپنی گاڑی پر جا رہا تھا، ٹمبر مارکیٹ اشارے پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے تیزاب نما کیمیکل پھینکا-
ایف آئی آر کے مطابق تیزاب گرنے سے محمد یعقوب کی گردن جھلس گئی- تھانہ راوی روڈ پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں-
بادامی باغ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکے کے ساتھ بدفعلی کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے-
ایس پی سٹی سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم زبردستی لڑکے کے پیچھے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے ساتھ لے گیا اور نازیبا حرکات کرتا رہا- پولیس نے اطلاع ملنے پر بروقت کاروائی کرتے ملزم شہریار کو گرفتار کر لیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے-
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنسی استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں-
ایک الگ واقعے میں مغلپورہ کے علاقے میں ملزم عثمان نے 13سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی جس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے-
لاہورپولیس نے ایک اور واقعے کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ رائیونڈ سٹی کے علاقے میں تین سفاک ملزمان کی 17سالہ لڑکے سے مبینہ بدفعلی کی کوشش اور فحش ویڈیو بنائی جس کا مقدمہ درج کیا گیا ہے-
اسی طرح لاہورکی نشتر کالونی کے علاقے میں ملزم آصف نے شادی شدہ خاتون (ر) سے مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کی جس کا مقدمہ درج کیا گیا-
پولیس نے ایک بیان میں کاہنہ کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی اپنی ہی فائرنگ سے ایک ڈاکو کے زخمی ہونے کے بھی تصدیق کی ہے-
پولیس کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں7 ڈاکو ڈیرہ عبدالعزیز میں واردات کی نیت سے گھسے اور چار بھینسیں کھول کر فرار ہوئے-
ون فائیو کی کال کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور مزاحمت پر ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا-
کاہنہ ہی کے علاقے میں ایک الگ واردات میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں چار ڈاکو حافظ انعام کے گھر میں گھسے اور اسلحہ کے زورپر 10لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، 2500برطانوی پائونڈ، اور25ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے-

