اہم خبریں

پاکستان کی حکومت کا ڈیزل 30 سے 32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان

اگست 19, 2026

پاکستان کی حکومت کا ڈیزل 30 سے 32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کیے گئے ہیں اور ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جبکہ اوگرا آج اس حوالے سے اعلان کرے گا۔

اسلام آباد میں بدھ کے روز خصوصی گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے آج اجلاس میں آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کی ہدایت کی اور حکومت کی ترجیح ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم حکومت عوام پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے کسانوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ریلیف ملے گا۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں بھی ملیں گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے بھی ریلیف دیا گیا ہے اور حکومت معاشی مشکلات کے حل کے لیے کوشاں ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈیزل پیدا کرنے والے ملک روس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے حکام کے ساتھ دو سے تین نشستیں ہوئیں، جن میں ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے اور حکومت آئل ریفائنریز کے تعاون کی شکر گزار ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے