امریکی محکمہ انصاف حرکت میں، پاکستانی ڈاکٹر کی امریکی شہریت منسوخی کا آغاز
نورالامین
امریکی محکمہ انصاف نے ریاست لانگ آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسن شرجیل خان کے خلاف بڑی قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے ان کی امریکی شہریت منسوخ کرنے کا عمل آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم نے شہریت حاصل کرتے وقت اہم حقائق چھپائے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق 38 سالہ ڈاکٹر اس وقت نابالغ لڑکی کے جنسی استحصال کے سنگین جرم میں 17 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم نے کم عمر بچی سے آن لائن رابطہ قائم کر کے اسے اعتماد میں لیا، اور بعد ازاں بیرونِ ملک جا کر اس کا استحصال کیا۔
محکمہ انصاف کا مؤقف ہے کہ حسن شرجیل خان نے 2012 میں شہریت کے لیے درخواست دیتے وقت اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کو ظاہر نہیں کیا، جبکہ 2013 میں امریکی شہری بننے کے دوران بھی اہم معلومات چھپائی گئیں۔ اسی بنیاد پر حکومت نے ان کی شہریت کو دھوکہ دہی سے حاصل شدہ قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو سنگین جرائم میں ملوث ہوں، انہیں امریکی شہریت کا تحفظ حاصل نہیں رہ سکتا۔ اس کیس کو ان اقدامات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جن کے تحت غلط معلومات دے کر شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق اگر عدالت محکمہ انصاف کے مؤقف سے اتفاق کرتی ہے تو ملزم کی شہریت منسوخ کی جا سکتی ہے، جس کے بعد اسے مزید امیگریشن کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
مقدمے کی مزید سماعت جاری ہے اور حتمی فیصلہ عدالت کرے گی-

