ٹورنٹو اور وان میں یہودی عبادت گاہوں پر حملوں میں ایک ہی ملزم کی تلاش، نفرت انگیز حملوں پر تشویش
نورالامین (ٹورنٹو)
گریٹر ٹورنٹو ایریا میں مارچ کے دوران پیش آنے والے دو فائرنگ کے واقعات کی پولیس نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جن میں وان اور ٹورنٹو میں واقع یہودی عبادت گاہوں (سیناگاگ) کو نشانہ بنایا گیا۔
دونوں واقعات ایک ہی رات پیش آئے، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر مشترکہ تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ وان میں کلارک ایونیو ویسٹ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے عمارت کو نقصان پہنچایا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد ٹورنٹو کے علاقے باتھرسٹ سٹریٹ اور گلینکیرن ایونیو میں ایک اور سیناگاگ پر فائرنگ کی گئی، جس نے ان واقعات کے باہم مربوط ہونے کے خدشات کو تقویت دی۔
تحقیقات کے بعد Toronto Police Service اور York Regional Police نے ایک مشتبہ نوجوان کی شناخت کے لیے تصاویر جاری کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں حملوں میں ایک ہی ملزم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق کسی بھی واقعے میں جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ان حملوں نے مقامی یہودی کمیونٹی میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات مذہبی مقامات کی سکیورٹی کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔
ٹورنٹو کی میئر Olivia Chow نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں نفرت انگیز کارروائیاں قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزم کے بارے میں معلومات ہوں تو فوری طور پر اطلاع دیں، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی رپورٹ کریں-

