پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر احتجاج
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اتوار کو احتجاج کی کال دی ہے۔
یہ اعلان راولاکوٹ میں دریک کے مقام پر عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے سے تنظیم کی قیادت کی جانب سے کیا گیا ہے۔
راولاکوٹ میں موجود صحافیوں کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دھرنے کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری تنظیم کو کالعدم قرار دینے اور مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے مظاہرین پر جبر اور تشدد کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں-
مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی اتوار کو احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب کشمیر کے سرکاری حکام نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کو دھرنے کے مقام کے علاوہ کہیں بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی-
پاکستانی کشمیر کے حکام کا دعویٰ ہے کہ بڑے شہروں میں نظامِ زندگی معمول کے مطابق ہے اور کہیں بھی اشیائے ضروریہ کی قلت نہیں-
کالعدم تنظیم کے ایک سرکردہ رہنما شوکت نواز میر کی گرفتاری کے بعد اُن کو تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور دھرنے میں شامل رہنماؤں نے اس حوالے سے انتظامیہ پر تنقید کی ہے-

