اہم خبریں

ایرانی قیادت جھوٹوں کا ٹولہ، جنگ بندی ختم ہو چکی: صدر ٹرمپ

جولائی 8, 2026

ایرانی قیادت جھوٹوں کا ٹولہ، جنگ بندی ختم ہو چکی: صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کے بارے میں کہا ہے کہ وہ غلیظ لوگ ہیں اور یہ کہ اُن کے ملک کی تہران کے ساتھ جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت ختم ہو چکی ہے-

بدھ کو ترکی کے شہر انقرہ میں نیٹو اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ سے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بارے میں پوچھا گیا کہ ’کیا معاہدہ ختم اور مفاہمتی یادداشت اب مردہ ہو چکی ہے؟

جس پر امریکی صدر نے سوال کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے جواب دیا کہ اُن کے نزدیک یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے تاہم اگر اُن کے مذاکرات کار چاہیں‌ تو بات چیت جاری رکھ سکتے ہیں-

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اب ان کے ساتھ مزید معاملہ نہیں کرنا چاہتا، وہ غلیظ لوگ ہیں۔ جانتے ہیں غلیظ لوگ کس کو کہتے ہیں؟ وہ غلیظ لوگ ہیں۔ وہ بیمار لوگ ہیں۔ ان کی قیادت بیمار لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ اور وہ بے رحم اور پرتشدد لوگ ہیں۔‘

امریکہ کے صدر نے مزید کہا کہ ’اور اگر ان کے پاس جوہری ہتھیار ہوتا تو وہ اسے استعمال کرتے۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔‘

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے مذاکرات کاروں سے بات کروں گا، وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، وہ اچھے لوگ ہیں۔ سٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر، لیکن انھیں واپس آ کر مجھ سے بات کرنا ہوگی۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، ان کے ساتھ معاملات کرنا وقت کا ضیاع ہے۔ وہ جھوٹ بولتے ہیں۔‘

انھوں نے اپنے قریب کھڑے نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مثال دی کہ ’اگر میں ان کے ساتھ کوئی معاہدہ کروں تو معاہدہ ہو جاتا ہے۔ وہ باہر جا کر اسی کے مطابق بات کرتے ہیں۔

’ہم (امریکہ اور ایران) ایک معاہدہ کرتے ہیں، سب متفق ہوتے ہیں کہ کوئی جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔

’ہم معاہدہ کرتے ہیں، پھر وہ (ایران) باہر جا کر میڈیا سے کہتے ہیں کہ ’ہم نے تو اس موضوع پر کبھی بات ہی نہیں کی۔ ان کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے۔ وہ پاگل ہیں۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔‘

اس کے بعد ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے؟

انھوں نے جواب دیا کہ ’مجھے اس کی پروا نہیں۔ (ہمارے مذاکرات کار) بات چیت کر سکتے ہیں، لیکن میرے خیال میں وہ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ایرانی قیادت جھوٹ بولنے والوں کا ایک ٹولہ ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے