کاروباری لین دین پر قتل کیے گئے اینکر مرید عباس کے کیس کا سات برس بعد فیصلہ
کاروباری لین دین پر ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کیس سات برس بعد فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ملزم کو سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا ہے-
صوبہ سندھ کے شہر کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کے قتل میں مرکزی ملزم عاطف زمان کو سزائے موت سنائی ہے۔
مجرم قرار دیے گئے عاطف زمان کے بھائی عادل زمان اس کیس میں مفرور ہو گئے تھے اور تاحال گرفتار نہیںکیے جا سکے- مفرور شریک ملزم عادل زمان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد فرار ہوئے تھے جبکہ ٹرائل کورٹ انھیں پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی تھی۔
قتل کے اس کیس میںوجہ عناد مقتولین کی جانب سے کاروباری لین دین میں اپنے سرمائے کی واپسی کا مطالبہ بتایا گیا تھا-
عدالت نے عاطف زمان کو دونوں مقتولین کے لواحقین کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالت نے غیر قانونی اسلحہ استعمال کرنے کے مقدمے میں بھی ملزم کو سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
یہ مقدمہ نو جولائی 2019 کو تھانہ درخشاں میں درج کیا گیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق کاروباری لین دین کے تنازع پر عاطف زمان اور ان کے بھائی عادل زمان نے نجی چینل میں اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

