آئرلینڈ کے بعد انگلینڈ میںبھی مسلسل شکست، انڈین ٹی20 ٹیم شدید تنقید کی زد میں
انگلینڈ نے انڈیا کو چوتھے ٹی 20 میچ میں بآسانی نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ یہ ورلڈ چیمپئن انڈیا کی مسلسل پانچویں ٹی 20 میچ میں شکست ہے۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے بھی انڈیا کو دو میچز کی سیریز میں شکست دی تھی۔
مسلسل ہارنے کے باعث انڈیا میں قومی ٹی20 ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے- کرکٹ مبصرین اور سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تبصروں میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے ٹیم بیرون ملک کھیلنا بھول گئی ہے-
یہ انڈیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ کی پہلی کامیابی ہے۔ سیریز کا آخری میچ 11 جولائی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
جمعرات کو برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں انڈین کپتان شریاس ایئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان کے علاوہ کوئی بھی انڈین بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور مقررہ 20 اوورز میں انڈیا کی ٹیم 157 رنز بنا سکی۔
کپتان شریاس ایئر نے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ انڈین اوپنر سوریا ونشی ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 10 گیندوں پر صرف 15 رنز بنا سکے۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان ہیری بروک کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف صرف 14 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ بروک نے چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔

