اہم خبریں

ایران پر نئے حملے ہمارے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ ہیں: صدر ٹرمپ

جولائی 20, 2026

ایران پر نئے حملے ہمارے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ ہیں: صدر ٹرمپ

امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے مسلسل نویں روز ایران پر حملوں کے دعوے کے ساتھ ہی ایران کے مختلف علاقوں بشمول تبریز، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک، چابہار اور بوشہر سے میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اُدھر امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات ایران پر کیے جانے والے حملے ہمارے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ تھے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ ’عسکری لحاظ سے انھوں نے تقریباً سب کچھ کھو دیا ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ان کے پاس کچھ میزائل ہیں، ان کے پاس کچھ ڈرون ہیں، ان کے پاس کچھ پیداواری صلاحیت موجود ہے، لیکن یہ زیادہ نہیں۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر اب امریکہ کا کنٹرول ہے۔ امریکی صدر نے ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ کسی چیز پر کنٹرول نہیں رکھتے۔‘

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے آج رات پھر انھیں بہت سخت نشانہ بنایا، اور ہم نے یہ ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کے اعزاز میں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم اس وقت جو کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم ان کے جوہری میزائل حاصل کرنے کے کسی بھی امکان کا خاتمہ کر رہے ہیں۔‘

اِدھر ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تبریز سے خبر دی ہے کہ شہر کے مغربی حصے کی جانب سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہے۔

تبریز سے ہولناک آتش زدگی کے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

بعض غیر سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان اڈوں کو اس سے پہلے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے گذشتہ مرحلے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے