اہم خبریں

سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر فرد کے لیے عمر کی تصدیق لازمی، فرانس میں‌ نیا قانون

جولائی 22, 2026

سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر فرد کے لیے عمر کی تصدیق لازمی، فرانس میں‌ نیا قانون

فرانس میں پارلیمنٹ نے جنوری 2027 سے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا قانون منظور کر لیا ہے۔
اس اقدام کے ساتھ فرانس سوشل میڈیا تک کم عمر افراد کی رسائی محدود کرنے والا یورپ کا پہلا ملک بن جائے گا۔

اس قانون کے تحت فرانس میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر فرد کے لیے عمر کی تصدیق لازمی ہوگی۔ یہ اقدام بچوں کی ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات سے متعلق بڑھتے خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے، جبکہ برطانیہ اور یورپی یونین بھی اسی نوعیت کی پابندیوں پر غور کر رہے ہیں۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ ان وعدوں میں شامل تھا جن کا اعلان انھوں نے اپنی صدارت کے آخری دور میں کیا تھا۔

فرانس میں یہ قانون دو مراحل میں نافذ ہوگا- پہلے مرحلے میں ستمبر 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد نئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے، جبکہ تمام نئے صارفین کے لیے عمر کی تصدیق لازمی ہوگی۔
جنوری 2027 سے یہ شرط تمام موجودہ اکاؤنٹس پر بھی لاگو ہو جائے گی، یعنی فرانس میں ہر صارف کو ثابت کرنا ہوگا کہ اس کی عمر 15 سال یا اس سے زیادہ ہے۔

قانون کے نفاذ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فرانسیسی پرائیویسی ریگولیٹر کی منظور شدہ عمر کی تصدیقی ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہوگی۔

تاہم اس نئے قانون پر بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جن میں صارفین کی رازداری، عمر کی تصدیق کے نظام کی مؤثریت، کم عمر افراد کی جانب سے ممکنہ طور پر پابندی کو بائی پاس کرنے کے امکانات اور قانون کے جلد نفاذ جیسے مسائل شامل ہیں۔

فرانسیسی پابندی آسٹریلیا سے کتنی مختلف؟

فرانس اس نوعیت کی پابندی متعارف کرانے والا آسٹریلیا کے بعد دوسرا ملک ہے۔ تاہم آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر عائد پابندی کے باوجود بہت سے کم عمر صارفین اب بھی سوشل میڈیا تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فرانس کا ماڈل اس لحاظ سے زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے کیونکہ یہاں عمر کی تصدیق صرف کم عمر افراد نہیں بلکہ تمام صارفین کے لیے لازمی ہوگی، البتہ اس سے رازداری کے حوالے سے نئے خدشات بھی جنم لے سکتے ہیں۔

بعض ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسی پابندیاں نوجوانوں کو کم ضابطہ شدہ آن لائن پلیٹ فارمز کی طرف دھکیل سکتی ہیں، جبکہ خبروں اور سیاسی سرگرمیوں میں ان کی شرکت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے