یمن کے حوثیوں کا سعودی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ
ایران کے حمایت یافتہ یمن کے حوثیوں عسکری گروہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’انھوں نے سعودی عرب کے شہروں جیزان اور ينبع میں واقع سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔‘
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سنیچر کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’گروہ نے ’جیزان اور ينبع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات پر کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔‘
سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔
حوثیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران سعودی عرب کے خلاف سمندری تجارتی ناکہ بندی کا اعلان کرنے کے بعد بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کو متعدد حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
اس سمندری ناکہ بندی کے جواب میں سعودی عرب نے یمن کی بندرگاہ پر واقع شہر الحدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور قریبی جزیرے پر حملے کیے۔
اس سے قبل یونانی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب میں یونانی فوج کے زیرِ انتظام فضائی دفاعی نظام نے سنیچر کے روز یمن سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل ینبع میں واقع آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیے۔