اہم خبریں

جرمنی میں تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھانے سے ایک شخص ہلاک، 16 زخمی

جولائی 26, 2026

جرمنی میں تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھانے سے ایک شخص ہلاک، 16 زخمی

جرمنی کے دار الحکومت برلن میں ہم جنس پرستوں کی سالانہ تقریب ’کرسٹوفر سٹریٹ ڈے‘ کے دوران ایک شخص نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی جس سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم 16 زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ شہر کے وسط میں واقع ٹیئرگارٹن پارک کے قریب پیش آیا، جس کے بعد تقریب منسوخ کر دی گئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیئرگارٹن پارک میں ایک گاڑی ملی جسے لا وارث چھوڑ دیا گیا تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ یہی گاڑی واقعے میں استعمال ہوئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بظاہر گاڑی ایک درخت سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد ممکنہ طور پر ڈرائیور وہاں سے فرار ہو گیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں ملوث مشتبہ شخص یا افراد کی تلاش کے لیے پولیس ہیلی کاپٹروں اور حرارت کی بنیاد پر نشاندہی کرنے والے کیمروں (تھرمَل امیجنگ کیمروں) کا استعمال کر رہی ہے اور تلاش کا دائرہ پورے شہر تک وسیع کر دیا گیا ہے۔

کرسٹوفر سٹریٹ ڈے برلن میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور انتظامیہ کے مطابق اس سال تقریباً 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع تھی۔ یہ ایونٹ 1969 میں نیو یارک شہر میں کرسٹوفر سٹریٹ پر واقع سٹون وال اِن میں ایل جی بی ٹی کمیونٹی کی معروف بغاوت کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے۔

تب اس مقام پر پولیس کے چھاپے کے بعد مقامی رہائشیوں نے احتجاج اور ہنگامے کیے تھے، اور بعد میں اس جگہ کو تاریخی حیثیت دی گئی۔
برلن میں اس تقریب میں موسیقی، سیاسی تقاریر، ایک بڑی پریڈ اور شام تک جاری رہنے والی مختلف تقریبات شامل ہوتی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے