اہم

پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں فائرنگ، پانچ احتجاجی کارکنوں کی اموات کا دعویٰ

جولائی 27, 2026

پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں فائرنگ، پانچ احتجاجی کارکنوں کی اموات کا دعویٰ

پاکستان کے زیرِ انتطام کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں‌ احتجاجی تحریک میں شامل پانچ افراد کی موت اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں-

کالعدم قرار دی گئی تنظیم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ راولا کوٹ میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اُس کے پانچ کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم پولیس حکام نے اس کی تصدیق نہیں کر رہے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے ارکان نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے اُن کے ایک درجن سے زائد کارکن زخمی بھی ہوئے ہیں۔

راولاکوٹ کے مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مرنے والے افراد کی لاشیں راولا کوٹ کے علاقے دریک کے قریب قائم کیے گئے میڈیکل کیمپ میں رکھوائی گئی ہیں۔

مقامی صحافیوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عمر نذیر کشمیری کا چھوٹا بھائی بھی شامل ہے-

کالعدم کمیٹی کے رہنما دعویٰ کر رہے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے محکموں کے اہلکاروں نے لانگ مارچ کرنے والے کارکنوں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ دریک کے مقام سے راولاکوٹ شہر کی طرف جا رہے تھے۔

دوسری جانب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس نے تاحال اس حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں‌ کیا۔

کشمیر پولیس کے سربراہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جب تک ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں کسی ریکارڈ پر نہ آ جائیں اور ان کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال لایا جائے، اس وقت تک اس دعوے کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے