ٹرمپ انتظامیہ میں اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد امریکی ویزے منسوخ
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ کے دوران اب تک غیر ملکی شہریوں کے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد امریکی ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق ویزوں کی منسوخی کی بڑی وجوہات میں ویزا شرائط کی خلاف ورزی، مختلف جرائم، امریکی شہریوں کے خلاف تشدد پر اکسانا، فراڈ، امیگریشن نظام کا غلط استعمال اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ نے بتایا کہ منسوخ کیے گئے ویزوں کی اکثریت ایسے افراد کی تھی جن کا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مختلف مجرمانہ سرگرمیوں کے سلسلے میں سامنا ہوا۔ ان میں حملہ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ (DUI)، چوری اور منشیات سے متعلق جرائم نمایاں ہیں۔
بیان کے مطابق لاپرواہی سے ڈرائیونگ، جنسی حملوں، بچوں سے بدسلوکی، فراڈ اور مالی خردبرد جیسے معاملات میں بھی بڑی تعداد میں ویزے منسوخ کیے گئے۔
محکمہ خارجہ نے Birth Tourism کے خلاف کارروائی کا بھی ذکر کیا۔ حکام کے مطابق شمالی افریقہ میں ایک امریکی سفارت خانے نے ایسے 100 سے زائد والدین کے ویزے منسوخ کیے جو مبینہ طور پر بنیادی طور پر اس مقصد سے امریکا آئے تھے کہ ان کے بچوں کی پیدائش امریکا میں ہو اور انہیں امریکی شہریت مل سکے۔
محکمہ خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی قیادت میں ایسے غیر ملکی شہریوں کی نشاندہی، تحقیقات اور ویزا منسوخی کا عمل جاری رہے گا جو امریکی عوام کی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے جائیں یا امریکی امیگریشن نظام کا غلط استعمال کریں۔
محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ’’امریکی ویزا ایک استحقاق ہے، حق نہیں‘‘ اور امریکی کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے دستیاب قانونی ذرائع استعمال کیے جاتے رہیں گے۔

