جنگ بندی کی غیریقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
امریکہ اور ایران کی مشرق وسطٰی میں جاری جنگ اور کسی معاہدے پر اتفاق رائے کی طرف پیش رفت نہ ہونے سے تیل کی عالمی منڈی میں غیریقینی صورتحال برقرار ہے-
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہفتہ وار تعطیل کے بعد ایشیائی منڈیوں کے دوبارہ کھلنے پر آبنائے ہرمز سے متعلق بدستور غیریقینی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تازہ ترین کاروبار میں برینٹ خام تیل کے فی بیرل نرخ میں 91 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 84.46 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 61 سینٹ بڑھ کر 78.79 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
دونوں عالمی بینچ مارک گزشتہ ہفتے سات فیصد سے زیادہ سستے ہوئے تھے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ امید تھی کہ ایران اور عمان کے درمیان ایسا معاہدہ طے پا جائے گا جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جا سکے گا۔
رواں سال فروری کے اختتام پر اسرائیل اور امریکہ کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی اس جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں اور اس کے نتیجے میں اشیائے صرف کے نرخوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے-
پاکستان میں عام شہریوں پر اس کا بہت زیادہ اثر دیکھنا میں آیا ہے جہاں گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے-

