اہم

افغانستان دشمن ملک نہیں، طلبہ کو نکالا نہیں‌ جا رہا: پاکستان

ستمبر 10, 2026

افغانستان دشمن ملک نہیں، طلبہ کو نکالا نہیں‌ جا رہا: پاکستان

پاکستان نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان دشمن نہیں، اور یہاں رہائش پذیر افغان طلبہ کو ملک بدر نہیں‌ کیا جا رہا-

دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان سجاد حیدر کا جو جمعرات کو اسلام آباد میں ایک بریفنگ کے دوران سوالوں کے جواب میں‌ کہا کہ جن افغان طلبہ کے پاس درست ویزا اور تعلیمی پروگرام میں انرولمنٹ ہے اُن کو نکالنے کا کوئی فیصلہ نہیں‌ کیا گیا-

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر کوئی طالب علم پاکستان میں ڈگری پروگرام میں پڑھ رہا ہے اور اس کے پاس درست ویزا موجود ہے، تو وہ پاکستان میں رہ سکتا ہے اور تعلیم جاری رکھ سکتا ہے۔ لیکن اگر ایسے افغان طالب علم پاکستان میں موجود ہیں جو کسی یونیورسٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں یا ان کے پاس ویزا نہیں ہے، اس کیٹگری کے لیے یہ احکامات ہیں۔‘

تاہم پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے جولائی اور یکم ستمبر کو میڈیکل کالجز کو لکھے گئے خطوط اس کے برعکس صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں، اور افغان طلبہ بھی نکالے جانے کی کارروائی شروع کیے جانے کی تصدیق کرتے ہیں-

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے سوال کے جواب میں‌ کہا کہ ’پاکستان، سعودی عرب اور ترکی ایک دوسرے سے مشاورت کر رہے ہیں لیکن اس وقت مکہ معاہدے میں کسی اور ملک کو شامل نہیں کیا جا رہا ہے، نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کی بات چیت ہو رہی ہے۔‘

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، سعودی عرب اور ترکی، جو اس وقت اس اتحاد کا حصہ ہیں، باقاعدگی سے ملاقاتیں اور مختلف سطح پر مشاورت کر رہے ہیں اور مسلسل رابطے میں ہیں۔ تاہم فی الحال مکہ معاہدے میں توسیع یا نئے ممالک کو شامل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے ان تینوں ممالک کو مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اپنے موجودہ تعاون اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے، جس کے بعد مستقبل میں ایسے دیگر ممالک کے لیے اتحاد میں شامل ہونے کا دروازہ کھل سکتا ہے جو یکساں نقطہ نظر اور ضروریات رکھتے ہوں۔

ان کے مطابق اس بارے میں فیصلہ بعد میں متعلقہ تینوں ممالک باہمی مشاورت سے کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ فی الوقت اس موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، اس لیے اس مرحلے پر نئے ممالک کی شمولیت کا سوال بھی قبل از وقت ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے