وزیراعظم کے بیٹے کی لڑائی
بتایا جا رہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران ایوان بالا کی گیلری میں ہونے والی لڑائی میں وزیراعظم کے صاحبزادے شامل تھے جن کی تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حامد الحق سے ہاتھا پائی ہوئی ۔
سینٹ سیکورٹی اسٹاف کے مطابق اپوزیشن کے امیدوار صادق سنجرانی کے چیئرمین منتخب ہونے کا اعلان ہوتے ہی ایوان ’جئے بھٹو اور ایک زرداری سب پہ بھاری‘ اور عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے جس کا جواب ن لیگ کے حامیوں نے ‘میاں تیرے جاں نثار بے شمار’ کے نعروں سے دیا ۔
بتایا گیا ہے کہ اس دوران گیلری میں بیٹھے اپوزیشن اور حکومتی حمایت یافتہ افراد میں بھی تلخی پیدا ہوئی ۔ نعرے بازی سے کشیدہ ہونے والا ماحول لڑائی جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا اور وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ عباسی اورایم این اے حامد الحق مہمانوں کی گیلری میں گتھم گتھا ہوگئے۔ بعد ازاں ایوان کے عملے اور مہمان گیلری میں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا جب کہ سیکیورٹی عملہ وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ عباسی کوگیلری سے باہر لے گیا ۔

