حوالاتی نے حملہ آور کو بھی مار دیا
Reading Time: 2 minutesراولپنڈی کی نئی کچہری میں قتل کے مقدمے میں پیشی پر لائے گئے حوالاتیوں پر مخالف فریق کے گواہ نے فائرنگ کر دی ۔ فائرنگ سے ایک حوالاتی جاں بحق جبکہ حملہ آور کو بھی حوالاتی نے اسلحہ چھین کر مار دیا ہے ۔
تھانہ سول لائنز پولیس کے مطابق مقتول فہیم اور ساتھی ملزم کو قتل کے مقدمے میں پیشی کے لیے اڈیالہ جیل سے لایا گیا جہاں مخالف پارٹی کا عبدالستار 2 پسٹلوں کے ہمراہ کچہری کے احاطے میں موجود تھا ۔ عبدالستار نے فائرنگ کرکے فہیم کو شدید زخمی کیا تو فہیم کے ساتھی نے عبدالستار سے پسٹل چھین کر اس کو سر میں گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا ۔ زخمی حوالاتی فہیم کو بے نظیر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا جبکہ اس کے زخمی ساتھی کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ مارے گئے دونوں افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردی گئیں جہاں پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ۔
![](https://pakistan24.tv/wp-content/uploads/2018/03/Rwp2-300x172.jpg)
پولیس کی جانب سے نااہلی کا مظاہرہ کرنے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور عبدالستار نے فائرنگ کرنے سے قبل مقدمے میں پیش ہو کر عدالت میں گواہی بھی ریکارڈ کرائی ۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور کل راولپنڈی بنچ میں اس حوالے سے اجلاس ہو گا، بعد ازاں چیف جسٹس جائے وقوعہ کا بھی دورہ کریں گے ۔