طلال چودھری کے گواہوں کی فہرست
طلال چوہدری نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کو اپنے گواہوں کی فہرست جمع کرائی ہے ۔ فہرست میں مریم اورنگزیب، مصدق ملک، ارکان اسمبلی سید عاشق حسین کرمانی، شہباز بابر اور ندیم عباس کے نام شامل ہیں ۔
جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی ۔ طلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضٰی نے گواہوں کی فہرست پیش کی ۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اس کیس کو طوالت نہیں دے سکتے، گواہوں کو ساتھ لے کر آتے ۔ طلال چوہدری کے وکیل نے کہا کہ گواہوں کی فہرست ہی آج فائنل کی ہے، گواہوں کو بھی عدالت لے آئیں گے، وکیل نے بتایا کہ گواہوں کی رضا مندی بھی لینا پڑتی ہے ۔
جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ یہ سارے کام آپ کو پہلے کر لینے چاہئیں تھے، گواہوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کا کیا کام، ایسے گواہ آپ کے موکل کا کیس خراب کر دیں گے ۔ عدالت نے پیمرا کے جی ایم آپریشن محمد طاہر بطور گواہ طلب کر لیا، کیس سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ۔

