دہشت گردی کو شکست دی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم اور مسلح افواج نے بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور دہشت گردی کو شکست دی ۔ یہ بات فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے جس سے مل کر لڑنا ہوگا، پاکستان گزشتہ 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کا شکار رہا ہے ۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے بہادری اور کامیابی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستانی قوم اور فوج نے متحد ہوکر دہشت گردی کو شکست دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جانیں دینے والے شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو ہرصورت شکست دے کر دم لیں گے ۔