بھارت سے دوستی کا مقصد غربت کا خاتمہ
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے دوستی کا مقصد دونوں ممالک کی تجارت بڑھا کر غربت کا خاتمہ کرنا ہے ہماری سوچ کو غلط نہ سمجھا جائے امید ہے ہندوستان کی قیادت میں موجود تکبر ختم ہوجائے گا۔
عمران خان نے لاہور میں سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران پر کام کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہوگا اداروں کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کریں گے، لوگوں کو فوری انصاف کے لیے کھلی کچہری لگائی جائے گی، اس وقت پاکستان کو مالیاتی خسارے کا سامنا ہے، ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے ہمیں کوشش کرکے عوام کا ایک ایک پیسہ بچانا ہے، وہی ملک ترقی کرتا ہے جہاں حکومتی نظام بہتر ہو۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت صرف پالیسی بناسکتی ہے اس پر عمل درآمد سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہے، سرکاری ملازمین یہ موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیں، ایسی حکومت دوبارہ نہیں ملی گی، افسران کسی دباؤ کے بغیر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں حکومت ان کا ساتھ دے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں میں بہت صلاحیت موجود ہے اوورسیز پاکستانی ہی اگر سرمایہ کاری کرنے یہاں آگئے تو ملک کہاں سے کہاں چلے جائے گا۔

