کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ
Reading Time: < 1 minuteکراچی میں چین کے قونصلیٹ پر حملے میں سات افراد مارے گئے ہیں جن میں دو پولیس اہلکار، دو عام شہری اور تین حملہ آور شامل ہیں ۔
فوجی اور حکومتی ترجمان حکام کے مطابق تینوں حملہ آور مارے گئے ہیں اور قونصلیٹ کے تمام افسران و عملہ مکمل طور پر محفوظ ہیں ۔ کراچی پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں واقع چینی قونصل خانے پر مسلح افراد کے حملے کو ناکام بنایا ہے اور اس کارروائی میں سات افراد ہلاک ہوئے ۔
کراچی کے جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ مارے گئے عام شہری باپ بیٹا تھے اور ویزا معلومات کے لیے قونصل خانے میں موجود تھے ۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے بتایا کہ حملہ آور جمعے کی صبح ایک گاڑی میں چینی قونصل خانے تک پہنچے اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ حملہ آوروں نے پہلے دستی بموں سے دھماکے کیے اور اس کے بعد مسلح افراد اور عمارت کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہونے میں تو کامیاب رہے تاہم وہ کمپاؤنڈ میں داخل نہ ہو سکے اور انھیں اس سے پہلے ہی مار دیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کہنا تھا کہ دو حملہ آوروں کے پاس سے خودکش جیکیٹیں ملی ہیں۔ ان کے مطابق رینجرز اب قونصل خانے کی عمارت میں موجود ہیں اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جس کے بعد ہی کارروائی کے خاتمے کا اعلان کیا جا سکے گا۔