یورپی یونین نے منظوری دیدی
Reading Time: < 1 minuteیورپی ممالک کے رہنمائوں نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ منظوری اس طریقہ کار کی کڑی ہے جس کے تحت برطانیہ کو 29 مارچ 2019 کو طے شدہ تاریخ پر یورپی یونین سے نکلنا ہے ۔
یورپی یونین کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے معاہدے کی منظوری کا اعلان اپنی ٹویٹ کے ذریعے کیا ۔ برسلز میں ایک گھنٹے سے بھی کم مدت تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد 27 یورپی رہنماؤں نے اس معاہدے کی منظوری دی ۔ اس سے قبل مسٹر ٹسک نے سپین کی جانب سے آخری منٹ میں جبرالٹر کے حوالے سے تحفظات ختم کرنے کے بعد یہ اشارہ دیا تھا کہ ڈیل ہو جائے گی ۔
اب اس معاہدے کی برطانوی پارلیمان سے منظوری ضروری ہے جہاں بہت سے اراکین اس کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ برطانیہ نے سنہ 2016 میں ریفرنڈم کے آرٹیکل 50 کے تحت 18 ماہ تک مذاکرات کیے تھے۔
برطانوی پارلیمان میں اس معاہدے پر ووٹنگ کی توقع دسمبر کے اوائل میں ہے لیکن ابھی اس کی توثیق کی کوئی گارنٹی نہیں ۔ کنزرویٹو، ڈی یو پی، ایس این پی اور لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے اس کے مخالف ووٹ آنے کی توقع ہے ۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے کہا ہے کہ یہ بہترین معاہدہ ہے جو بریگزیٹ کے ریفرنڈم کے بعد ہو سکتا تھا۔ ٹریزامے نے عوام سے ساتھ دینے کی اپیل کی ہے ۔