بحریہ ٹاؤن کیلئے مہلت ختم ہو رہی ہے
Reading Time: 2 minutesسپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کے تین شہروں میں منصوبوں کو غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ایک بار پھر ملک ریاض کے وکیل کی غیر حاضری کی وجہ سے ملتوی کر دی ہے ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق عدالت عظمی کے بلانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر بحریہ ٹاؤن کے پلاٹ بیچنے والی پرزم مارکیٹنگ کمپنی کے مالک کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں ۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ ملک ریاض کی جانب سے بحریہ متاثرین کے وکیل کے طور پر پیش ہونے والے اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ وکیل علی ظفر کے بھائی کی وفات کے باعث کیس ملتوی کیا جائے ۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیس نہیں چلا رہے صرف معلومات لے رہے ہیں کہ جن پراپرٹی/ مارکیٹنگ والے افراد کو بلایا تھا کیا وہ موجود ہیں؟ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پرزم کمپنی کی جانب سے کوئی نہیں آیا ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ پھر ہم پرزم مارکیٹنگ کمپنی کے مالک کے وارنٹ جاری کر رہے ہیں ۔
عدالت نے پرزم مارکیٹنگ کے مالک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جبکہ ٹرائی سٹار مارکیٹنگ اور کوسموس رئیل ٹور مارکیٹنگ کے سی ای او کو بھی نوٹس جاری کر دیئے ۔
جسٹس عظمت سعید نے ملیر کے ڈپٹی کمشنر سے پوچھا کہ ڈی سی صاحب بتائیں کیا زمین کا قبضہ واپس لیا؟ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق ڈی سی ملیر نے جواب دیا کہ زمین کے درجے بنالئے گئے ہیں، 1454 ایکڑ اراضی نجی ملکیت تھی، 3860 ایکٹرز اراضی حکومت نے لیز پر دی تھی، 1797 ایکڑ سرکاری اراضی کا قبضہ واپس لے لیا ہے ۔
عدالت نے ڈی سی ملیر کو اراضی کا قبضہ واپس لینے کی رپورٹ آج ہی جمع کروانے کی ہدایت کی ۔ سپریم کورٹ اکاؤنٹ میں پلاٹ اقساط کی جمع کروائی گئی رقم کی تفصیل بھی طلب کر لی گئیں ۔
جسٹس عظمت نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کیلئے جو مہلت تھی وہ ختم ہو رہی ہے ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ آئندہ سماعت پر معاملہ حل ہو جائے گا ۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ میرے پاس بھی بتانے کیلے بہت کچھ ہے ۔ جسٹس عظمت نے ان سے کہا کہ آپ کا پتہ نہیں وکٹ کے کس طرف ہیں، آ پ خاموش رہیں ۔
وکیل نے بتایا کہ ملک ریاض علاج کیلئے باہر ہیں، استدعا کی کہ کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کی جائے، مشورہ کیلئے ٹائم بھی چاہیے، اعتزاز احسن 26 تک چھٹی پر ہیں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اتنے وکیل ہیں اس طرح تو ہر کوئی چھٹی پر چلا جائے گا ۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی ۔