پاکستان

پاکستان میں ’غربت مکاؤ‘ وزارت بن گئی

مارچ 28, 2019

پاکستان میں ’غربت مکاؤ‘ وزارت بن گئی

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت بنا رہی ہے اور آئین میں ترمیم کرکے روٹی اور مکان کو بنیادی انسانی حق قرار دیا جائے گا ۔

اسلام آباد میں غربت کے خاتمے لیے بنائے گئے ’احساس‘ نامی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 38 میں ترمیم کی جائے گی اور اب روٹی، کپڑا، مکان اور صحت کو بنیادی انسانی حقوق میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بیت المال، زکوۃ و عشر اور دیگر محکموں پر مشتمل ایک نئی وزارت بنائی جائے گی تاکہ مربوط طریقے سے معاشرے کے پسماندہ افراد کی مدد کی جا سکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کمزور اور پسماندہ افراد کے لیے حکومت بجٹ میں 80 ارب روپے کا اضافہ کرے گی جبکہ 57 لاکھ  غریب خواتین کو موبائل فون دیے جائیں گے اور ان کے بینک اکاونٹس بنا کر انہیں موبائل فون کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ ان کو مہیا کی جانے والی رقم شفاف طریقے سے ان تک پہنچائی جا سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ حکومت غریب افراد کو مفت قانونی مدد فراہم کرے گی تاکہ وکیل کی خدمات حاصل نہ کرسکنے والے لوگ انصاف سے محروم نہ رہیں۔ صحت کارڈز کے ذریعے 38 اضلاع میں 133 ارب روپے سے انصاف ہیلتھ انشورنس مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور صحت بخش دودھ کی فراہمی کے لیے حکومت اسلام آباد اور لاہور میں ابتدائی طور پر نظام وضع کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنے گذشتہ اعلان کا اعادہ کیا کہ گاؤں میں رہنے والی خواتین کو بکریاں اور مرغیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے