خواجہ سراؤں کی پارٹی پر چھاپہ
پاکستان کے ضلع راولپنڈی کی تحصیل گجر خان میں پولیس نے خواجہ سراؤں کی ایک محفل پر چھاپہ مار کر کئی افراد کو حراست میں لیا ہے جس کے خلاف تھانے کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔
راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق گجر خان میں ایک خواجہ سرا کی سالگرہ کے دوران ڈانس پارٹی کے انعقاد پر پولیس کو شکایت کی گئی جس پر یہ چھاپہ مارا گیا ۔
گوجرخان پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران 40 سے زائد خواجہ سرا اور27 تماش بین گرفتار کیے گئے جن کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔
خواجہ سرا کی سالگرہ مقامی شادی ہال میں منعقد کی گئی تھی جس پر پولیس کی بھاری نفری نے شادی ہال میں ڈانس کرنے والوں کی گرفتاریاں کیں ۔
خواجہ سراؤں کی ایک بڑی تعداد نے ساتھیوں کی رہائی کے لیے احتجاج کرتے ہوئے تھا نے کے سامنے دھرنا دیا ۔
پولیس نے خواجہ سرا کی سالگرہ اور ڈانس پارٹی پر چھاپہ کے حوالے سے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ ’تماش بین پیسے لٹا رہے تھے جبکہ شراب پی جا رہی تھی ۔‘
پولیس نے گرفتار افراد سے پانچ بوتل شراب برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے ۔

