بنی گالہ سے مزدور گرفتار، جیل منتقل
پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب ایک عمارت کے تعمیراتی کام میں مصروف سات مزدوروں کو پولیس نے دفعہ ۱۴۴ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں سے ان کو ۱۴ روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔
وفاقی دارالحکومت کے تھانہ بنی گالہ میں درج کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ بنی گالہ میں شرقی دربار کے نزدیک ایک عمارت کے تعمیراتی کام کے دوران لینٹر (چھت ) ڈالتے ہوئے مزدوروں سے اجازت نامہ طلب کیا گیا جس میں وہ ناکام رہے ۔
مقدمے کے مطابق ان مزدوروں نے دفعہ ۱۴۴ کی خلاف ورزی ہے اور بنی گالہ میں تعمیراتی کام کے لیے اجازت لینا بھی ضروری ہے ۔
گرفتار کیے گئے مزدوروں میں مردان کے محمد تاج، پشاور کے بادشاہ منیر، کرم ایجنسی کے بلال، سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سانول، افتخار احمد، آصف سلطان اور علی سلطان شامل ہیں ۔
ایف آئی آر کے مطابق پلاٹ کا مالک بہادر ولد الطاف شاہ بنی گالہ کا رہائشی ہے جبکہ تعمیراتی کام ٹھیکیدار سمیع اللہ کرا رہا تھا ۔
مزدوروں کی ضمانت پہلے دن کسی نے نہ لی جس کی وجہ سے جیل منتقل کیا گیا ۔

