سینئر صحافی کے خلاف مقدمہ درج
پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ایک سینئر صحافی کے خلاف ٹی وی پروگرام میں رائے دینے پر سائبر کرائم کا مقدمہ درج کیا ہے ۔
مقدمہ مولوی اقبال حیدر نامی ایک وکیل کی درخواست پر کراچی میں درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے میں دنیا ٹی وی کے پروگرام ’آج کامران خان کے ساتھ‘ کے کو آرڈی نیٹر سینئر صحافی شاہ زیب جیلانی کو ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2017، 2018 اور گزشتہ ماہ کی 18 تاریخ کو شاہ زیب جیلانی نے اس پروگرام میں بطور مہمان شرکت کر کے فوج اور پاکستان کی ریاست کے خلاف باتیں کیں ۔
ایف آئی اے کے سب انسپکٹر اکبر خان محسود کی دستخط شدہ دو صفحات کی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف ابتدائی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ اس نے آٹھ دسمبر کو پروگرام کے میزبان مسعود رضا کے ساتھ گفتگو میں فوج پر پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام لگایا ۔
مقدمے کے انکوائری افسر کے نوٹ کے مطابق ’ملزم نے پروگرام میں مجرمانہ نیت کے ساتھ فوج، آئی ایس آئی، الیکشن کمیشن اور آرمی چیف کے خلاف طنزیہ اور تضحیک آمیز گفتگو کی ۔‘
خیال رہے کہ درخواست گزار مولوی اقبال حیدر ایک طویل عرصے کے بعد اس مقدمے کے ذریعے منظرعام پر آئے ہیں ۔ ان کی شہرت عدالتوں میں غیر ضروری درخواستیں دائر کرنے والے وکیل کی ہے اور سپریم کورٹ میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی ۔
مولوی اقبال حیدر ماضی میں بھی ایسے مقدمات اور درخواستوں کی وجہ سے میڈیا کی زینت بنتے رہے ہیں ۔

