مسلم لیگ ن میں بھی ’تبدیلی آ گئی
پاکستان میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ نواز نے پارلیمنٹ کے اندر پارٹی لیڈر شپ میں تبدیلی کی ہے ۔
مسلم لیگ نواز کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جگہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کو لگایا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں اب خواجہ آصف مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے ۔
جمعرات کو پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر حسین کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس سے پہلے رانا تنویر حسین قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر تھے۔
رانا تنویر حسین کی جگہ اب خواجہ محمد آصف کو قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خواجہ محمد آصف اور رانا تنویر حسین پاکستان مسلم لیگ نواز کے آخری دور حکومت میں وزارت خارجہ اور دفاعی پیداوار کے وزیر بھی رہے ہیں اور ان دونوں رہنماؤں کے شریف خاندان کے ساتھ بہت قریبی تعلقات ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے وزیروں نے ان تبدیلیوں پر معمول کے مطابق طنزیہ تبصرے کیے ہیں ۔
کئی وزرا کا کہنا ہے کہ ڈیل نہیں ہوسکی جبکہ بعض کے مطابق شہباز شریف کرپشن کر کے بیرون ملک بھاگ گئے ہیں اور واپس نہیں آئیں گے ۔

