حملوں میں پاک فوج کے دس اہلکار ہلاک
پاکستان میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فوج پر حملوں کے دو واقعات میں ایک افسر سمیت دس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
فوجی ترجمان کے بیان کے مطابق کہ سنیچر کو یہ واقعات بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس میں فوج کے ایک کپتان سمیت چار اہلکار ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکار علاقے کو کلیئر کرنے کے آپریشن میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
بیان میں مزید کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے گرباز علاقے کے قریب گشت کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں پر سرحد پار سے فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک حوالدار اور پانچ سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے شدت پسندی کے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے ’افواج پاکستان کے ان جری جوانوں کو میرا سلام جو قوم کی سلامتی کیلئے دہشتگردوں سے مقابلے میں مسلسل اپنی جانوں کے نذرانےدے رہے ہیں۔ میری دعائیں/ ہمدردیاں افسر سمیت ان 10 جوانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں جنہوں نے آج شمالی وزیرستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کو للکارا اور جام شہادت نوش کیا۔‘

