عالمی خبریں

آسٹریلیا میں آگ کے بعد سیلابی آفت

جنوری 26, 2020 2 min

آسٹریلیا میں آگ کے بعد سیلابی آفت

Reading Time: 2 minutes

آسٹریلیا میں جنگلات کی آگ کے بعد اب بڑے شہروں کے رہائشیوں کو طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق آگ سے متاثرہ ریاستوں کوئنز لینڈ، نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں طوفانی بارش نے بعض علاقوں میں جنگلات میں لگی آگ بجھا دی ہے تاہم اب سیلاب کا خطرہ ہے۔ 

مقامی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہونے والے شدید بارش سے ساحلی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ اور ملحقہ علاقوں کے جنگلات میں گذشتہ برس ستمبر سے بھڑکنے والی آگ نے ساڑھے بارہ لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلے جنگلات کو بھسم کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جنگل کی آگ سے 33 افراد ہلاک جبکہ ایک ارب کے لگ بھگ جنگلی جانور جل مرے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست کے بعض شہروں میں ایک دن میں تین ماہ کے دورانیے جتنی مقدار میں بارش ہوئی ہے۔  کوئنز لینڈ کے موسمیات کے دفتر کے مطابق ریاست کے ساحلی علاقوں میں اتوار کی صبح تک 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے چھ انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔

کوئنز لینڈ کے محکمہ موسمیات نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اگلے چند دنوں میں مزید بارش کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کئی افراد کو سیلابی پانی سے بچایا گیا ہے اور بعض علاقوں میں سڑکیں اور پل زیر آب آئے ہیں تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

خشک سالی اور آگ سے متاثرہ کوئنز لینڈ، وکٹوریا اور نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستوں میں حالیہ بارشوں نے بعض علاقوں میں جنگل کی آگ کے شعلے کو کسی حد تک کم کیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پانچ ماہ سے بھڑکتی آگ کے شعلوں نے یونان کے رقبے جتنے علاقے کو نقصان پہنچایا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے