پاکستان

افواج کو ڈیڑھ کھرب روپے پنشن سالانہ

جنوری 28, 2020

افواج کو ڈیڑھ کھرب روپے پنشن سالانہ

پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کو وزارت دفاع نے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور تبدیلی وظیفہ (commutation) کی مد میں سالانہ ایک کھرب 41 ارب اور 51 کروڑ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔

وزارت دفاع کے مطابق آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے 12 لاکھ 32 ہزار 410 افسران اور سپاہیوں کو پنشن اور فلاحی سہولیات دی جا رہی ہیں۔

مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران اور سپاہیوں کو 1 کھرب 9 ارب 41 کروڑ روپے پنشن دی جا رہی ہے جبکہ ریٹائرڈ افسران اور سپاہیوں کو 32 ارب 9 کروڑ روپے commutation فلاحی مراعات کی مد میں دیے جا رہے ہیں۔

آرمی کے 32 ہزار 356 ریٹائرڈ افسران کو 15 ارب 53 کروڑ روپے پنشن کی مد میں اور تین ارب 70 کروڑ فلاحی سہولیات کے لیے جبکہ آرمی کے 10 لاکھ 97 ہزار ریٹائرڈ سپاہیوں کو78 ارب 92 کروڑ روپے پنشن اور 21 ارب 80 کروڑ مراعات کی دی جا رہی ہیں۔

وزارت دفاع کی فراہم کی گئی تفصیل کے مطابق نیوی کے تین ہزار 469 ریٹائرڈ افسران کو ایک ارب 45 کروڑ روپے پنشن اور 16 کروڑ روپے کی فلاحی مراعات دی جا رہی ہیں جبکہ 32 ہزار 753 ریٹائرڈ سپاہیوں کو تین ارب 15 کروڑ پنشن اور ایک ارب 18 کروڑ روپے فلاحی مراعات دی جا رہی ہیں۔

اسی طرح ایئر فورس کے پانچ ہزار 577 آفسران کو دو ارب 64 کروڑ روپے پنشن اور 78 کروڑ روپے کی فلاحی مراعات جبکہ 61 ہزار 157 سپاہیوں کو سات ارب 68 کروڑ روپے پنشن اور چار ارب 44 کروڑ کی فلاحی مراعات دی جا رہی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے