متفرق خبریں

سپریم کورٹ کا پختونخوا کابینہ پر سوال

فروری 6, 2020

سپریم کورٹ کا پختونخوا کابینہ پر سوال

پاکستان کی سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے بھاری بھرکم کابینہ پر بھی سوالات اٹھا دیے۔

رپورٹ: جہانزیب عباسی

سپریم کورٹ نے کے پی میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کرنے کے معاملے پر چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب کر لیا ہے. عدالتی حکم میں کہا گیا بتایا جائے کتنے محکموں میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ قائم کیا گیا ہے،سپیشل سیکرٹری کا عہدہ قائم کرنے کی سمری بھی پیش کی جائے.

جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی.

عدالت نے نوٹس فوجداری مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران لیا. عدالت نے کہا پشاور ہائی کورٹ ضمانت کے ہر کیس میں ٹرائل کورٹ سے ریکارڈ کیوں مانگتی ہے؟کیس ریکارڈ ہائی کورٹ میں ہونے سے ٹرائل رک جاتا ہے،چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ریکارڈ منگوانے کے معاملے کا جائزہ لیں، توقع ہے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ججز کو مناسب ہدایات جاری کرینگے.

سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کیا رولز آف بزنس میں سپیشل سیکرٹری کا عہدہ ہے؟. ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے جواب دیا رولز میں سپیشل سیکرٹری کا کوئی عہدہ نہیں.

جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے من پسند افسران کو نوازنے کیلئے سپیشل سیکرٹری کا عہدہ تخلیق کیا گیا، کیا کے پی کے کو قانون کے بجائے مرضی پر چلایا جا رہا ہے؟پاکستان میں کوئی بھی قانون پر نہیں چلتا، گولڈن،پلاٹینم اور سلور سیکرٹریز کے عہدے بھی بنا لیں،صوبائی حکومت کے پاس سپیشل سیکرٹری کا عہدہ قائم کرنے کا اختیار نہیں،کے پی حکومت اپنے ہی قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے.

جسٹس فائز عیسی نے بھاری بھرکم کابینہ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہاکیا آپکو معلوم ہے پاکستان کی پہلی کابینہ میں کتنے وزراء تھے ؟ایڈووکیٹ جنرل کے پی بولے پہلی کابینہ چار سے پانچ وزراء پر مشتمل تھی. جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا آج کی کابینہ میں وزراء کی تعداد دیکھ لیں کتنی ہے،ریکارڈ صرف اس وقت منگوایا جاتا ہے جب کسی دستاویز کی تصدیق کرنی ہو.

واضح رہے ملزم خالد زمان پر قتل کے کیس میں اسلحہ فراہم کرنے کا الزام تھا،عدالت نے درخواست ضمانت واپس لینے پر خارج کر دی.ملزم کیخلاف کرک کے علاقہ تخت نصرتی میں مقدمہ درج ہے.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے