کورونا وائرس چین میں مہنگائی بھی لے آیا
چین میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ ماہ ریکارڈ مہنگائی دیکھنے میں آئی ہے۔
معاشی منظر نامے کی خبریں دینے والے ادارے بلوم برگ کے مطابق نئے چینی سال کے آغاز پر اشیا کی طلب میں اضافے کی وجہ سے جتنی مہنگائی کا اندازہ لگایا گیا تھا اس سے کئی گنا زیادہ ہوئی اور یہ پچھلے آٹھ برس سے زیادہ کے عرصے میں بلند ترین شرح پر ہے۔
چین میں حکومت کورونا وائرس پھیلنے کے بعد کاروبار، سفری سہولیات اور سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے سست روی کا شکار ہونے والی معیشت کو بحال رکھنے کے لیے تگ و دو کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں پیر کو کورونا وائرس سے ریکارڈ 97 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 908 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد 40 ہزار سے زائد ہیں۔

