متفرق خبریں

بارہ لاکھ حج والا ایس ایچ او فارغ

فروری 10, 2020

بارہ لاکھ حج والا ایس ایچ او فارغ

سپریم کورٹ نے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایس ایچ او کی ملازمت پر بحالی کی استدعا مستردکردی ،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کے دوران عبدالرحمان اثاثوں کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

جہانزیب عباسی ۔ صحافی

سپریم کورٹ میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایس ایچ او کی ملازمت پر بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے کہاکہ پولیس انسپکٹر نے ایک کروڑ10 لاکھ کی ایک پراپرٹی خریدی۔

چیف جسٹس گلزاراحمد نے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟،پراپرٹی کہاں سے خریدیں اس کی منی ٹریل بتائیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ انکوائری کے دوران جائیداد پر جرح نہیں ہوئی، جسٹس سجادعلی شاہ نے کہاکہ آپ جرح کو چھوڑیں، 16گریڈکاافسر12لاکھ کا حج کرسکتاہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ دوسال میں آپ کے موکل نے 3 کروڑ کی پراپرٹی خریدی ،آپ کی لاٹری نکلی تھی یا پرائز بانڈ؟،جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا کہ 30ہزارماہانہ تنخواہ لینے ولا اتنی جائیدادکہاں سے خرید سکتا ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرا موکل زمینوں کی خریدو فروخت کرتا تھا، چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ کیا آپ کی زمین سونا اگلتی تھی۔

عدالت نے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایس ایچ او کی ملازمت پر بحالی کی استدعا مستردکردی ،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کے دوران عبدالرحمان اثاثوں کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے