نعیم الحق انتقال کر گئے
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق کراچی کے نجی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
نعیم الحق کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔
ان کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان نے اپنی ٹویٹس میں لکھا ہے کہ ’نعیم الحق کا شمار تحریک انصاف کے 10 بانیوں میں ہوتا تھا اور وہ میرے سب سے وفادار ساتھی تھے۔‘
وزیراعظم نے لکھا کہ ’تحریک انصاف کی 23 سالہ جدوجہد کے ہر مشکل مرحلے میں وہ میرے ساتھ رہے اور ڈٹ کر کھڑے رہے۔ وہ کینسر کے خلاف بہت بہادری سے لڑے اور آخری وقت تک کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے رہے۔‘
یاد رہے کہ جولائی 2018 میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نعیم الحق کو وفاقی کابینہ میں معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا شمار وزیراعظم عمران خان کے دوستوں میں ہوتا تھا اور وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔

