پاکستان پاکستان24

کورونا وائرس پر پاک فوج کا موقف

فروری 27, 2020

کورونا وائرس پر پاک فوج کا موقف

پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے وزارت صحت اور حکومت نمٹ رہی ہے اور اگر فوج سے مدد طلب کی گئی تو تیار ہیں۔

جمعرات راولپنڈی کے فوجی ہیڈ کوارٹر میں اپنی پہلی پریس بریفنگ دیتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران پاکستانی فوج نے القاعدہ کے ایک ہزار سے زائد شدت پسند پکڑے یا مارے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ’دہشت سے سیاحت‘ تک کے سفر میں نہ صرف یہ کہ اس کے 80 ہزار سے زائد لوگ قربان ہوئے بلکہ 180 ارب ڈالر سے زیادہ کا مالی نقصان بھی ہوا۔

فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 1200 سے زائد چھوٹی بڑی فوجی کارروائیاں کی گئیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز کیے گئے۔ ہزار سے زیادہ القاعدہ کے شدت پسند پکڑے یا مارے گئے۔ آج قبائلی علاقوں کا صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم ہو جانا امن کی جیت ہے۔‘

کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ اور سرحدوں سے آمدو رفت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں فوج کے ترجمان نے کہا کہ وزارت صحت اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس پر کام کر رہے ہیں تاہم اگر فوج کی ضرورت محسوس کی گئی اور حکومت نے مدد طلب کی تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے