فروغ نسیم کے معاملے پر وکلا تنظیم تقسیم
پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن وزیر قانون فروغ نسیم کے معاملے پر اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔ نائب صدر سپریم کورٹ بار نے اپنے ہی صدر کے بیان سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔
رپورٹ: جہانزیب عباسی
نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اورنگزیب اسد خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فروغ نسیم کے خلاف سپریم کورٹ بار میں کوئی قرارداد پیش نہیں ہوئی۔ ”وائس چیئرمین پاکستان بار اور صدر سپریم کورٹ بار کا مشترکہ بیان ان کا ذاتی ہے، صرف صدر کے بیان کو بار ایسوسی ایشن کی رائے قرار نہیں دیا جا سکتا،وکلاء کی بڑی تعداد فروغ نسیم کے ساتھ کھڑی ہے“
واضح رہے پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 27 فروری کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں وفاقی حکومت سے جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف صدارتی ریفرنس واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیرقانون فروغ نسیم نے عدلیہ کو تقسیم کرنے کے لیے جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف بدنیتی پر مشتمل صدارتی ریفرنس تیار کیا تھا۔


