روہڑی: ٹرین اور بس کے تصادم میں 30 ہلاک
پاکستان کے جنوبی حصے صوبہ سندھ کے روہڑی ریلوے سٹیشن کے قریب مسافر بس ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینلز کے مطابق درجنوں افراد زخمی ہیں۔ حادثہ جمعے کی رات ساڑھے دس بجے پیش آیا جب پھاٹک کے بغیر ریلوے کراسنگ سے مسافر بس گزر رہی تھی۔
روہڑی میں ریلوے کراسنگ پر مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی زد میں آئی اور دو ٹکڑوں میں بٹ گئی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کے مطابق حادثے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ مقامی ہسپتالوں کے مطابق 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثہ ایسے کراسنگ پر پیش آیا جہاں پھاٹک اور گارڈ نہیں ہوتا۔
ریلوے ترجمان طارق اسد نے کہا ہے کہ ٹرین حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔
کمشنر سکھر شفیق مہیسر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بس میں سوار بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور بھی حادثے میں زخمی ہوا۔
شفیق مہیسر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ زخمیوں کو روہڑی اور سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا جبکہ ایک کلو میٹر تک کے علاقے کی سرچنگ کی گئی۔
سکھر پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور خوفناک حادثے میں بس کے 2 ٹکڑے ہوگئے۔
روہڑی حادثے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے 2،470 لیول کراسنگ ایسے ہیں جن پر سٹاف کی تعیناتی کے لیے پاکستان ریلوے نے کئی بار صوبائی حکومتوں کو خط لکھے ہیں۔

