پاکستان24 عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کا طالبان رہنما ملا برادر کو فون

مارچ 4, 2020

صدر ٹرمپ کا طالبان رہنما ملا برادر کو فون

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے رہنما ملا عبدالغنی برادر سے ٹیلی فونک رابطے میں افغانستان میں جنگ بندی کے معاملے پر گفتگو کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کو طالبان کے رہنما سے رابطہ کر کے قطر میں ہونے والے معاہدے کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں رپورٹرز کو بتایا کہ ان کی طالبان کے رہنما کے ساتھ بہت اچھی گفتگو ہوئی ہے تاہم انہوں نے اپنی گفتگو میں ملا عبدالغنی برادر کا نام نہیں لیا۔

اس سے قبل طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ملا برادر کو فون کر کے بات کی ہے۔

طالبان ترجمان کے پشتو زبان میں جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’قطر میں موجود افغان طالبان کے سیاسی امور کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر 35 منٹ تک گفتگو کی-‘

مجاہد نے لکھا ہے کہ اس موقع پر امریکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر زلمی خلیل زاد بھی موجود تھے۔ ملا عبدالغنی برادر نے امریکی صدر کے اولین رابطے کو خوش آئند قرار دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’اگر امریکہ ہمارے ساتھ کیے گئے وعدوں پرعمل کرتا ہے تو مستقبل میں ہمارے درمیان مثبت دوطرفہ تعلقات قائم ہوں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے