ٹیلی نار 5G ٹیسٹ پر پاکستانی صارفین کا غصہ
پاکستان میں ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار نے انٹرنیٹ کی فائیو جی سروس کا ٹیسٹ کیا ہے اور اس کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے پروموشن چاہی مگر صارفین نے سخت غصے کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے طول و عرض میں ٹیلی نار کمپنی کی سروس استعمال کرنے والے صارفین نے 5G پروموشن کی ویڈیو ٹویٹ پر تبصرے کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پہلے 3G اور 4G سروس کی سپیڈ ٹھیک کر لی جائے اس کے بعد فائیو جی کا نام لیا جائے۔
سعد نامی ایک صارف نے ٹیلی نار کو لکھا ہے کہ ’سگنل تو آتے نہیں، سر۔‘
یار ایم نامی ٹوئٹر ہینڈل سے نوشکی بلوچستان میں ٹیلی نار کی فور جی سروس کی سپیڈ کا سکرین شاٹ شیئر کر کے کمپنی کی توجہ معیار کی جانب دلائی گئی ہے۔
طیب احمد نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’ ٹیلی نار کا 4g تو سپیڈ نہیں دیتا 5g کا بعد میں سوچنا سر، 4g پہلے بہتر کریں۔ ۔شکریہ‘
ساہیوال سے راؤ سمیر نے لکھا ہے کہ ان کے علاقے میں ٹیلی نار فور جی کی سروس پانچ دن سے معطل ہے اس پر بھی توجہ کی جائے۔
گوہر اقبال نے تبصرہ کیا ہے کہ تھری جی تو چلتا نہیں ٹیلی نار سے اب فائیو جی دے رہے ہیں، پہلے سروس کا معیار بہتر کریں۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے عبدالحفیظ نے لکھا ہے کہ ’ ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ انٹرنیٹ سپیڈ ٹیلی نار کا ہی سلو ہے، اس لیے یہ کہنے میں، میں حق بجانب ہوں کہ ہمارے شہر میں نیٹ کے حوالے سے بے کار ٹیلی نار نیٹ ورک ہے۔‘

