پاکستان

’فوجی سائنسدان سینیٹائزر بنانے میں مدد کر رہے ہیں‘

مارچ 19, 2020

’فوجی سائنسدان سینیٹائزر بنانے میں مدد کر رہے ہیں‘

پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا صورتحال میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج بھرپور مدد کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوجی کے ترجمان نے کہا کہ 12 سو افراد کے قرنطینہ کیمپ کے قیام کے لیے فوج حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

’پرسنل پروٹیکشن ایکووپمنٹ، فیس ماسک اور سینیٹائزر بنانےمیں پاکستان فوج کے زیر اہتمام سائنسدان اس عمل میں مدد بھی کر رہے ہیں اور اس کو تیار بھی کر رہے ہیں۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشت کو دھچکا لگا ہے، پاکستان میں بھی اس کے اثرات ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی حکومتیں دن رات کام کر رہی ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت نے گزشتہ ہفتے فوج کے ذیلی ادارے ڈیسٹو کو سینیٹائزر بنانے کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا ہے۔

پاکستان میں ادویات بنانے کی اجازت یا لائسنس حاصل کرنے کا ایک طویل طریقہ ہے جس کے لیے کمپنی کی رجسٹریشن کے بعد وفاقی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈریپ کی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے