اٹلی میں 12 ہزار ہلاک، سوگ و پرچم سرنگوں
Reading Time: < 1 minuteیورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 436 ہو گئی ہے جبکہ متاثرین ایک لاکھ پانچ ہزار 209 ہیں۔
کورونا وائرس نے شہروں میں موت کا سکوت طاری کر رکھا ہے اور سوگ میں پورے اٹلی نے منگل کو ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جبکہ اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو سرنگوں رکھا گیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق چھ کروڑ کی آبادی والے ملک اٹلی نے جنگ عظیم دوم میں اس قدر اموات کا ایک ساتھ سامنا کیا تھا۔
چین سے پھیلنے والے وائرس نے سب سے زیادہ تیزی سے اٹلی کے شہروں میں موت کا رقص کیا ہے۔
سپین آٹھ ہزار ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ چین اور امریکہ میں تین تین ہزار سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق میلان شہر میں فروری کے اواخر میں ہوئی اور اس وقت پورے ملک میں چار ہزار ایسے مریض ہیں جن کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔