متفرق خبریں

وکیل بنیان میں اور عدالت غصے میں

اپریل 25, 2020

وکیل بنیان میں اور عدالت غصے میں

کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور گھر سے کام کے دوران دنیا بھر میں دلچسپ واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ تازہ ترین دلچسپ واقعہ کی خبر انڈیا سے آئی ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ریاست راجستھان کی ہائی کورٹ کے کی آن لائن عدالتی کارروائی کے دوران ایک وکیل گھر سے بنیان پہنے جج کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت معطل کر دی۔

عدالت نے حکم جاری کیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کارراوئی میں بھی کورٹ کی عزت کی جائے اور وکیل قانون اور ڈریس کوڈ کی پابندی کریں۔

پی ٹی آئی کے مطابق ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجیو پرکاش شرما ضمانت کے ایک مقدمے کی سماعت کر رہے تھے جب آن لائن عدالتی کارروائی کے دوران ایک وکیل راوندرا پالیول ملزم کے دفاع میں دلائل دینے کے لیے پیش ہوئے۔

وکیل راندرا یونیفارم کے بجائے کپڑوں کے نیچے پہننے والی بنیان میں تھے جس پر جسٹس سنجیو پرکاش نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس سنجیو پرکاش غصے میں ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کا حکم لکھوانے لگے تو پبلک پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ سماعت ملتوی کی جائے جس کے بعد عدالت نے ڈریس کوڈ کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے مقدمہ 5 مئی تک معطل کر دیا۔


دنیا بھر کی طرح ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک انڈیا میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث تمام کاروباری مراکز اور دفاتر بند ہیں اور عدالتیں ضروری مقدمات کی سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے کر رہی ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے